سائبر سٹی گروگرام کے ڈی ایل ایف فیس ون تھانہ میں شادی کا جھانسہ دے کر آبروریزی اور پیار کی آڑ میں لاکھوں کا چونا لگانے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔
سائبر سٹی گروگرام کے ڈی ایل ایف فیس ون تھانہ میں شادی کا جھانسہ دے کر آبروریزی اور پیار کی آڑ میں لاکھوں کا چونا لگانے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ پولیس کے مطابق گروگرام کے سیکٹر 37 علاقہ کے ایک ہائی پروفائل اپارٹمنٹ میں رہنے والی لڑکی نے پولیس کو تحریری شکایت دے کر الزام لگایا ہے کہ سال 2017 میں سوشل سائٹ کے سہارے اس کی دوستی دہلی کے اشوک نگر کے رہنےو الے مہیش مندھرا سے ہوئی ۔ مہیش پر الزام ہے کہ اس نے لڑکی کے سامنے شادی کی تجویز رکھی ، جس کو لڑکی نے قبول کرلیا ۔
پولیس کو دی گئی تحریری شکایت میں متاثرہ نے الزام لگایا ہے کہ ایک دن ملزم گروگرام کے ڈی ایل ایف فیس ون علاقہ کے برسٹل ہوٹل میں لے کر آیا ۔ ملزم نے برسٹل ہوٹل کے کمرہ نمبر 323 میں لے جاکر متاثرہ لڑکی کی آبروریزی کی ۔ متاثرہ نے جب اس کی مخالفت کی تو ملزم جلد ہی شادی کا وعدہ کرنے لگا ۔
پولیس کے مطابق ملزم نے پیار کے جال میں پھنسا کر متاثرہ سے تقریبا 21 لاکھ روپے بھی لے لئے اور اب شادی سے انکار کررہا ہے ۔ متاثرہ کی شکایت پر پولیس نے ملزم کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 376 ، 420 ، 406 اور506 کے تحت معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی ہے ۔
پولیس کے مطابق متاثرہ ٹی سی ایس کمپنی میں سینئر کے عہدہ پر فائز ہے ۔ پولیس نے متاثرہ کا میڈیکل کرا کر معاملہ کی جانچ شروع کردی ہے ۔ حالانکہ اس معاملہ میں پولیس نے ابھی تک ملزم مہیش کو گرفتار نہیں کیا ہے ۔